لاہور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ مسائل 'کےٹو' کے پہاڑ کی طرح ہمارے سامنے کھڑے ہیں، عمران خان کا ایجنڈا مسلسل انتشار اور بے یقینی پھیلانا ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اسمبلی کی مدت پوری ہونے پر الیکشن ہوں گے، ہم نے حکومت سنبھالی تو خزانہ خالی تھا، موجودہ حکومت کو قومی جرگے کی حکومت کہتا ہوں، سوائے ایک ضدی شخص کے پورا پاکستان اس حکومت میں شامل ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ ہمیں معاشی اصلاحات کے راستے پر چلنا ہے، ہمیں اپنی ایکسپورٹ بڑھانا ہو گی، انہوں نے کہا کہ نواز شریف جلد پاکستان آئیں گے اور الیکشن کمپین کو لیڈ کریں گے، نواز شریف کو سزائیں جوڈیشل انجینئرنگ کر کے دی گئیں۔