عمران کی ناقص پالیسیوں کی بدولت مہنگائی کا طوفان آیا، قمر زمان کائرہ

Published On 20 January,2023 10:58 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ اتحادی حکومت نے ملکی ساکھ کو بحال کیا، عمران خان کی ناقص پالیسیوں کی بدولت ملک میں مہنگائی کا طوفان آ یا۔

رائے ونڈ لاہور میں پیپلزپارٹی میں نئے کارکنوں کی شمولیت کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے آئین سے ہٹ کر ملک کو چلایا، سی پیک کی بنیاد شہید ذوالفقار علی بھٹو نے رکھی، عمران خان نے قوم کو سہانے خواب دکھائے، بے گھر افراد کو 50 لاکھ گھر اور بے روز گار لوگوں کو ایک کروڑ نوکریاں دینے کا اعلان کیا، پی ٹی آ ئی نے اپنے 4 سالہ دور میں ایک بھی نیا منصوبہ نہیں لگایا۔

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ عمران خان جان لو صرف نعروں سے ملک آ گے نہیں بڑھتے اور پاکستان کو بحرانوں میں دھکیل کر چلا گیا، انہیں اپنے دور کا حساب دینا ہوگا۔

اس موقع پر رانا دلشاد صفدر، رانا فیصل اور رانا ندیم، اسلم گل، عثمان ملک، چودھری اختر، جمیل منج، امجد جٹ، چودھری عاطف رفیق، سونیا خان، ڈاکٹر خیام حفیظ و دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ عمران خان نے سخت شرائط پر مالیاتی اداروں سے معاہدے کئے اور ماضی کی حکومتوں نے گزشتہ 10 برسوں میں اتنے قرضے نہیں لئے جتنے عمران خان نے اپنے 4 سالہ دور میں لئے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی حکومت نے ملکی معیشت کو تباہ کیا، ان کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے آج ملک میں مہنگائی کا طوفان آیا ہے، پرویز الٰہی کو الیکشن کمشنر کا نگران وزیر اعلیٰ کے حوالے سے فیصلہ ماننا پڑے گا، پنجاب کے الیکشن میں بھی عمران خان کو شکست ہو گی اور اگلے عام انتخابات میں پیپلز پارٹی کامیاب ہو گی۔

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی آتی ہے تو روز گار لاتی ہے اور کشمیر کا مقدمہ مضبوط طریقے سے لڑتی ہے، قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو نے عام آدمی کو بولنے کا حق دیا، افواج پاکستان کا مورال بلند کیا، ملک صرف نعرے لگانے یا خواب دکھانے سے آگے نہیں بڑھتے، ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے سعودیہ، دوبئی، ترکی، چین اور یورپ کو ناراض کیا، ملک اصول سے چلے گا تو عزت ہو گی۔
 

Advertisement