راولپنڈی: (دنیا نیوز) چیف جسٹس آف پاکستان عمرعطاء بندیال نے اڈیالہ جیل راولپنڈی کا دورہ کیا جس میں آئی جی جیل خانہ جات پنجاب نے چیف جسٹس کو جیل کی آبادی اور دستیاب سہولیات پر بریفنگ دی ہے۔
اس موقع پر نیشنل کمیشن برائے انسانی حقوق اور قانون و انصاف کے نمائندوں سمیت سیکرٹری داخلہ، آئی جی جیل، چیف کمشنر اسلام آباد اور سیشن جج بھی چیف جسٹس کے ہمراہ تھے، چیف جسٹس کی جیل حکام کو جیل کا ماحول بہتر بنانے اور تربیتی پروگرامز شروع کرنے کی ہدایت کی۔
چیف جسٹس نے زیر سماعت، سزا یافتہ، نابالغ اور خواتین قیدیوں کی مختلف بیرکوں کا بھی دورہ کیا، چیف جسٹس نے بیرکوں کے قیدیوں سے بات چیت کی اور جیل کے حالات اور قانونی عمل بارے میں مسائل سنے۔
علاوہ ازیں چیف جسٹس نے خواتین قیدیوں کے ننھے بچوں کے ساتھ بھی وقت گزارا اور ان میں تحائف تقسیم کیے، چیف جسٹس آف پاکستان نے آئی جی جیل خانہ جات کو جیل کے مسائل حل کرنے کی بھی ہدایت کی۔