شہباز شریف، آصف زرداری اور عمران خان ایٹم بم سے زیادہ خطرناک ہیں: سراج الحق

Published On 22 January,2023 08:13 pm

لاہور: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ آج 6 ہزار کنٹینر سمندر پر بحری جہازوں پر پڑے ہیں، ملک میں کارخانے بند ہو گئے اور معیشت بیٹھ گئی ہے، ڈالر کا مقابلہ کرنے والا وزیر خزانہ اب گم ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ ملک پر مسلط ٹولے کی وجہ سے 22 کروڑ لوگ یرغمال ہیں، اس ٹولے نے ملک کو آئی ایم ایف کے حوالے کیا، آج لوگوں کو آٹے کے ٹرکوں کے پیچھے لگا دیا گیا، ہر مارشل لاء کو یہی ٹولہ سپورٹ کرتا رہا ہے، ان سیاسی لیڈروں نے اپنی نسلوں کو اب قوم پر مسلط کر دیا، آج 85 فیصد پاکستانی گندا پانی پینے پر مجبور ہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ صحت کا یہ حال ہے کہ ہر سال ایک لاکھ لوگ کینسر سے مر جاتے ہیں، یہ پارٹیاں نہیں لمیٹڈ کمپنیاں ہیں، یہ پارٹیاں نہیں پراپرٹیز ہیں، پی ٹی آئی ہو، پیپلز پارٹی یا ن لیگ سب ایک ہی ہیں، کروڑوں نوجوان ڈگریوں کے باوجود نوکری سے محروم ہیں، آج تک قوم کی بیٹی عافیہ صدیقی واپس نہیں آ سکی۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف، آصف زرداری اور عمران خان ایک بار بھی عافیہ صدیقی کی رہائی کی بات نہ کر سکے ان تینوں کو بتانا پڑے گا ہمارے بچے تعلیم سے محروم کیوں، بتائیں 8 کروڑ پاکستانی غربت سے نیچے کیوں، یہ نام نہاد لیڈر دشمن کے ایٹم بم سے زیادہ خطرناک ہیں، آج ہمارے گھروں کو آگ لگی ہے، عریانی و فحاشی اس لیے بڑھ گئی ہے کیونکہ اس ملک کے بڑے اس میں ملوث ہیں۔