اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک بھر میں ہونے والے طویل بریک ڈاؤن کے بعد مختلف علاقوں میں بجلی بحال ہونا شروع ہو گئی۔
نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کے مطابق کالا شاہ کاکو اور نارنگ منڈی گرڈ سٹیشنز سے بجلی بحال ہو گئی، لیسکو کے مختلف گرڈ سٹیشنز پر بجلی بحالی کا عمل شروع ہو گیا، شیخوپورہ گرڈ سٹیشنز پر بجلی کی سپلائی بحال ہو گئی۔
این ٹی ڈی 220 کے وی بند روڈ، غازی، نیو کوٹ لکھپت اور اولڈ کوٹ لکھپت پر بجلی کی سپلائی بحال ہو گئی، لیسکو ذرائع نے بتایا کہ 132 کے وی گرڈ سٹیشنز کو مرحلہ وار سپلائی شروع کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق آئیسکو ریجن میں مختلف گرڈ سٹیشنز سے منسلک 90 فیڈرز پر بھی بجلی بحال ہو گئی، سسٹم کو اوور لوڈنگ سے محفوظ رکھنے کیلئے فیڈرز کو مرحلہ وار بحال کیا جا رہا ہے، گدو سے منسلک میپکو کے مزید گرڈ سٹیشن کو بجلی کی فراہمی بحال ہو گئی ہے۔
میپکو حکام کے مطابق 132 کے وی جام پور، فاضل پور، ڈی جی خان 1، داجل اور سنجر پور گرڈ سٹیشنوں کو بجلی کی فراہمی بحال ہو گئی ہے، وارسک ڈیم اور اوچ پاور پلانٹ سے بجلی کی فراہمی موجود ہے، سیپکو کا بھی کہنا ہے کہ کچھ علاقوں میں بجلی کی فراہمی کی جا رہی ہے، سیلاب زدہ علاقوں میں بحالی ہو چکی ہے، نوشہرو فیروز، لاڑکانہ اور خیر پور ناتھن شاہ کے علاقوں میں میں بجلی بحال ہو گئی ہے۔
کیسکو ترجمان کے مطابق سبّی 220 کے وی ٹرانسمیشن لائن سے سبی تک بھی بجلی بحال ہو گئی ہے، اس وقت کوئٹہ شہر کو 132 کے وی سبی ٹرانسمیشن لائن سے بجلی فراہم کی جا رہی ہے جس کے بعد کوئٹہ کے تمام گریڈ سٹیشنز کو بجلی فراہمی بحال ہو چکی ہے۔
ڈیرہ مراد جمالی، روجھان جمالی اور گنداخہ، بھاگ، جھل مگسی، اُستہ محمد، صحبت پور، سوئی، سبّی، ڈھاڈر، مچھ اور دروازہ گریڈ سٹیشنز کی بجلی بھی بحال ہو گئی ہے، 220 کے وی دادو خضدار اور ڈیرہ غازی خان لورالائی ٹرانسمشین لائنز کی بحالی کے بعد صورتحال میں بہتری آئے گی۔
خانیوال روڈ،وہاڑی روڈ،قاسم پور،قاسم باغ گرڈ سٹیشنز پر بجلی بحال ہو گئی ہے، 46 گیارہ کےوی فیڈرز سے صارفین کو بجلی کی فراہمی شروع کردی گئی، وزیرآباد، چنیوٹ اورگردونواح جبکہ ہنگو ضلع میں بھی بجلی بحال ہوگئی ہے۔
ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق نیشنل گرڈسٹیشن سےتاحال بجلی بحال نہیں ہوئی، بلدیہ، بلوچ کالونی، جیکب لائن، کورنگی، قیوم آباد میں بجلی کی بحالی جاری ہے جبکہ بہادرآباد، شرف آباد، دھوراجی، گلشن اقبال کے کچھ علاقوں میں جزوی بجلی بحال کردی گئی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ فیڈرل بی ایریا کے مختلف علاقوں ، کورنگی نمبر 5، گلشن اقبال، ابوالحسن اصفہانی روڈ اور گلستان جوہر کے کچھ بلاکس میں بھی بجلی کی فراہمی بحال کردی گئی ہے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ ڈیفنس فیزون میں بھی بجلی کی فراہمی بحال کردی گئی ہے جبکہ بجلی کی مکمل بحالی میں 24 گھنٹےلگ سکتےہیں۔