لاہور: (دنیا نیوز) سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کو عہدے سے ہٹا کر ان کی جگہ بلال صدیق کمیانہ کو سی سی پی او لاہور تعینات کر دیا گیا۔
ترجمان لاہور پولیس کے مطابق ایڈیشنل آئی جی بلال صدیق کمیانہ کی سی سی پی او لاہور تعیناتی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے، بلال صدیق کمیانہ کا تعلق پولیس سروسز کے 24 ویں کامن سے ہے، اس سے قبل بھی وہ سی سی پی او لاہور رہ چکے ہیں۔
بلال صدیق کمیانہ مختلف اضلاع میں آر پی او، سی پی او اور ڈی پی او کے عہدوں پر بھی کام کر چکے ہیں، حالیہ تعیناتی سے قبل بلال صدیق کمیانہ انٹیلجنس بیورو میں اہم عہدے پر فائز تھے، وہ ڈی آئی جی آر اینڈ ڈی، ڈی آئی جی سپیشل پروٹیکشن یونٹ میں بھی تعینات رہے ہیں۔
واضح رہے غلام محمود ڈوگر کو سی سی پی او لاہور تعینات کرنے کی وجہ سے وفاق اور پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت میں تنازع پیدا ہو گیا تھا، وفاقی حکومت نے ان کی خدمات واپس لینے کا حکم جاری کیا تھا، لاہور ہائی کورٹ میں فیصلہ چیلنج کرنے کے بعد انہیں بحال کر دیا گیا تھا۔