لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، آئی جی پنجاب عثمان انور اور سی سی پی او لاہور بلال کمیانہ نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران نگران وزیر اعلیٰ محسن رضا نقوی نے انتظامی امور کے حوالے سے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کنٹرول کرنے کیلئے ضروری انتظامی اقدامات اٹھائے جائیں، شہریوں کو کسی بھی صورت ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑ سکتے۔
محسن رضا نقوی نے مزید کہا کہ انتظامی افسران مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کریں، اشیائے ضروریہ کی مقرر کردہ نرخوں پر دستیابی یقینی بنائی جائے۔
نگران وزیراعلیٰ نے اجلاس کے دوران عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے بھی تمام ضروری اقدامات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے، لا اینڈ آرڈر کی صورتحال کے حوالے سے نتائج سامنے آنے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ سٹریٹ کرائمز کو کنٹرول کرنے کیلئے پولیس کو انتہائی فعال انداز میں فرائض سرانجام دینا ہوں گے، امن و امان کو یقینی بنانا اولین ترجیح ہے، خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم میں ملوث ملزمان سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی کو چیف سیکرٹری نے صوبے میں پرائس کنٹرول، انتظامی امور جبکہ آئی جی پنجاب نے امن و امان کے حوالے سے بریفنگ دی۔