لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کی نگران کابینہ میں شامل وزرا نے حلف اٹھا لیا، گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے گورنر ہاؤس لاہور میں نگران کابینہ سے حلف لیا۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے گورنر ہاؤس میں نگران صوبائی وزراء کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی، سید محسن رضا نقوی نے حلف اٹھانے والے نگران صوبائی وزراء کو مبارکباد دی۔
گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے نگران کابینہ کے 8 ارکان سے حلف لیا، چیف سیکرٹری پنجاب چودھری زاہد اختر نے تقرری سے متعلق نوٹیفکیشن پڑھ کر سنایا۔
حلف اٹھانے والے وزراء میں ایس ایم تنویر، ڈاکٹر جاوید اکرم، ابراہیم مراد، بلال افضل، ڈاکٹر جمال ناصر، منصور قادر، سید اظفر علی ناصر،عامر میرشامل ہیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ پنجاب کا نگران سیٹ اپ مکمل طور پر غیرسیاسی اور غیر جانبدار ہے، شفاف، منصفانہ اور آزادانہ انتخابات کا انعقاد نگران سیٹ اپ کی ذمہ داری ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ہم یہ قومی ذمہ داری بطریق احسن نبھائیں گے، انتخابات کا پُرامن ماحول میں انعقاد یقینی بنایا جائے گا۔
نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے نگران کابینہ کے لئے 11 وزرا کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا مگر کرکٹر وہاب ریاض بیرون ملک ہونے کے باعث حلف نہ اٹھا سکے، تمکنت کریم اور نسیم صادق بھی حلف اٹھانے گورنر ہاؤس نہ پہنچ سکے، حلف اٹھانے والوں میں ماہر تعلیم، صحافی بھی شامل ہیں۔
نگران کابینہ میں شامل ڈاکٹر جاوید اکرم مسلم لیگ ن پنجاب کے سابق صدر پرویز ملک مرحوم اور جسٹس (ر) قیوم کے بھائی اور سابق صدر لاہور چیمبر آف کامرس خواتین ونگ شہلا جاوید اکرم کے خاوند ہیں، وہ وی سی یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز بھی رہ چکے ہیں، عامر میر صحافی جبکہ بلاول فضل اور ابراہیم مراد ماہر تعلیم ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل آج خیبر پختونخوا کی نگرام کابینہ نے بھی اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا تھا، نوٹی فکیشن کے مطابق عبدالحلیم قصوریہ، حامد شاہ، سید مسعود شاہ، غفران اور تاج محمد آفریدی کو نگران سیٹ اپ کا حصہ بنایا گیا ہے۔
ساول نذیر ایڈووکیٹ، بخت نواز، فضل الہیٰ ، عدنان جلیل، شفیع اللہ اور شاہد خان بھی صوبہ خیبر پختونخوا کی نگران کابینہ کا حصہ ہیں، جب کہ دیگر ممبران میں محمد علی شاہ، جسٹس ریٹائرڈ ارشاد قیصر اور منظور خان آفریدی شامل ہیں۔