لاہور : 13سالہ گھریلو ملازمہ پر بدترین تشدد ، نگران وزیراعلیٰ کا نوٹس

Published On 26 January,2023 11:24 am

لاہور : (دنیا نیوز) لاہور میں 13 سالہ گھریلوملازمہ کو مالکان کی جانب سے بدترین تشدد کا نشانہ بنانے کے واقعے پر نگران وزیراعلیٰ پنجاب نےنوٹس لے لیا ۔

لاہور پولیس کے مطابق لاہور کے علاقے صدر میں 13 سالہ مریم کو مالکان نے  تشدد کا نشانہ بنا کر جلایا ، جس سے بچی بری طرح جھلس گئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ ملازمہ بچی سے اس کے والدین ملنے گئے لیکن مالکان نے ٹال مٹول کیا ، بچی سے نہ ملوانے پر اس کی والدہ نے شور مچا دیا ، ماں باپ مالکان کے گھر کے اندر گئے تو بچی بد ترین تشددہ زدہ حالت میں ملی، بچی 9 ماہ سے گھر میں ملازمت کررہی تھی ۔

پولیس کی جانب سےجنوبی چھاؤنی تھانے میں واقعےکا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ ملزمان میاں بیوی فرار ہوگئے ہیں جن کی تلاش کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں ۔

تشدد کے بیہمانہ واقعے پر نگران  وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کر لی ہے ۔

نگران وزیراعلیٰ  کا کہنا ہے کہ تشدد کے ذمہ داروں کو جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے، بچی کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے ، انہوں نے بچی کو ہسپتال میں علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی بھی ہدایت کردی ۔

اس حوالے سے سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے تشدد میں ملوث مالکان کی فوری گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے ، بچوں اور خواتین پر تشدد ہرگز قابل برداشت نہیں ، ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچائیں گے۔

 

Advertisement