گجرات: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ عمران خان کے آصف زرداری پر الزامات کا عدلیہ سوموٹو لے۔
اپنے ایک بیان میں وزیر اعظم کے مشیر قمر زمان کائرہ نے کہا فواد چودھری کو چہرے پر کپڑا ڈال کر لے جانے کی مذمت کرتا ہوں، فواد چودھری ایسے لوگوں میں سے ہے جو زبان سے مارتے ہیں، گولی کے دوچار چھرے لگنے پر عمران خان چار ماہ سے پلاسٹر لگائے بیٹھا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان ملک میں فاشسٹ نظام لانا چاہتا تھا، مانتا ہوں ہم مہنگائی کم کرنے آئے لیکن اس میں ناکام رہے، آج مہنگائی پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ چکی ہے، عمران خان کے آئی ایم ایف سے کیے معاہدے پر عملدرآمد نہ کرتے تو ملک چھ ماہ پہلے ڈیفالٹ کر جاتا۔
قمر زمان کائرہ نے کہا عمران خان اپنے منہ سے بولے ہم مذاکرات کرنے کو تیار ہیں، ان کو پاکستان کے لوگوں نے ووٹ دیے ہم کیا بھارت سے ووٹ لے کر آئے، عمران خان چاہتا ہے بندے بھی میری مرضی کے فیصلے بھی میری مرضی کے ہوں۔
وزیر اعظم کے مشیر نے کہا کہ ادارہ نیوٹرل ہو رہا ہے تو ہمیں اس کی مدد کرنی چاہیے، ادارہ نیوٹرل نہ ہوتا تو پرویز الہٰی اعتماد کا ووٹ نہ لے سکتے، اب فوج سیاست میں مداخلت نہ کرے یہ قابل قبول نہیں ہو گا۔
انہوں نے مزید کہا وفاقی کابینہ و قیادت پر واضح کر دیا کہ عوام سے بہت کچھ لے لیا اب ان میں مزید کچھ دینے کی سکت نہیں، مشورہ ہے کہ اب ملک کے امراء سے پیسے لیکر عام آدمی کیلئے سہولیات پیدا کی جائیں۔