اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ اور چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شازیہ مری نے کہا ہے کہ حکومت کوشش کرے گی کہ آئی ایم ایف معاہدے کے اثرات غریب عوام پر نہ پڑیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شازیہ مری نے کہا کہ کوئی بھی اس حق میں نہیں کہ ہمیں قرض لینے پڑیں ،وزیر اعظم شہباز شریف نے کفایت شعاری کو اپنانے کے حوالے سے ایک کمیٹی بنائی ہے، آئی ایم ایف سے مذاکرات میں ملکی ترجیحات دیکھی جائیں گی۔
انہوں نے مزید کہا عمران خان کے سابق صدر آصف علی زرداری سے متعلق الزامات کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں،عمران خان ہمیشہ غیر ذمہ دارانہ بیان دیتے ہیں ان کے الزامات تشویش ناک ہیں، ان کی حکومت میں دہشتگردوں کیلئے جیلیں توڑی گئیں، عمران خان کے خلاف عدالت جائیں گے۔
شازیہ مری نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری اور ان کے اہلخانہ کو خطرات ہیں، عمران خان دہشتگردوں کے سہولت کار رہے ہیں، پیپلز پارٹی کا ماضی میں بھی سیاسی استحصال کیا گیا، گزشتہ حکومت میں انتہائی غلط فیصلے کیے گئے، جس کے نتائج آج بھگت رہے ہیں۔