90 روز میں الیکشن ضروری، گورنر پنجاب اپنی آئینی ذمہ داری پوری نہیں کر رہے: اسدعمر

Published On 30 January,2023 12:12 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری اور سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ آئین کے مطابق 90 روز میں انتخابات کرانا ضروری ہے، گورنر پنجاب اپنی آئینی ذمہ داری پوری نہیں کر رہے، اب آئین کو مجروح کرنے کے منصوبے بن رہے ہیں۔

لاہور ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ گورنر پنجاب اپنی آئینی ذمہ داری پوری نہیں کررہے، ابھی تک پنجاب میں جنرل الیکشن کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا، آئین کے مطابق 90 روز میں انتخابات کروانا ضروری ہے، منصوبے بن رہے ہیں کہ آئین کوکس طرح مجروح کیا جائے، یہ تحریک انصاف کا نہیں ہر پاکستانی عوام کا کیس ہے۔

رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ماضی میں بھی عوام کے فیصلے کو قبول نہیں کیا گیا، لگتا یہ ہے کچھ عناصر ایسے ہیں جنہوں نے ماضی سے کچھ نہیں سیکھا، پی ڈی ایم کی جانب سے کھلم کھلا آئین سے بغاوت کی باتیں کی جا رہی ہیں، آج جج صاحب نے کہا جمہوریت کا بھی دفاع ہوگا اور آئین کا بھی۔

اسد عمر نے مزید کہا کہ پی ڈٰی ایم کی جانب سے کھلم کھلا آئین کی خلاف ورزی کی باتیں کی جارہی ہیں، اس وقت ملک 2 حصوں میں تقسیم ہوچکا ہے، عوام پاکستان کی سالمیت کے ساتھ کھڑی ہے، کچھ عناصر جمہوریت اور آئین کو خطرے میں ڈالنے کے لئے تیار ہیں، فتح پاکستان کے عوام کی ہوگی، آئین اور جمہوریت کی ہوگی۔
 

Advertisement