لاہور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں انتخاب کی تیاریوں، امیدواروں کے تعین کے معاملہ پر تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے ذمہ داران کا اہم ترین اجلاس چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے زیر صدارت منعقد ہوا۔
اجلاس میں مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر، سابق وزیر اعلیٰ محمود خان، خیبرپختونخوا کے صدر پرویز خٹک اور چیئرمین کے چیف آف سٹاف سینیٹر شبلی فراز نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں خیبرپختونخوا کے تمام ریجنز میں قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر امیدواروں کے تعین کے حوالے سے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، امیدواروں کے تعین کے حوالے سے ریجنل بورڈز کی ابتدائی سفارشات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر خیبرپختونخوا میں انتخابی مہم اور انتخابی حکمتِ عملی کے مختلف خدوخال پر بھی غور کیا گیا، اجلاس میں چیئرمین تحریک انصاف نے خیبرپختونخوا میں انتخابات کی تیاریاں تیز کرنے کی ہدایت کر دی۔
عمران خان نے ذمہ داران کو امیدواروں کے حوالے سے ہوم ورک جلد مکمل کرنے کی بھی ہدایات کی ہیں، قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کا فیصلہ چیئرمین عمران خان خود کریں گے۔