لاہور : (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ آزادی کے حصول کیلئے کشمیریوں کی لازوال جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں۔
مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پرجاری پیغام میں کہا کہ زمین پر بھارت قابض لیکن کشمیریوں کے دل پاکستان کے ساتھ ہیں ، بہادر کشمیری اقوام متحدہ کے منشور پر عمل درآمد کی جنگ لڑ رہے ہیں ، کشمیری سلامتی کونسل کی قرار دادوں کیساتھ کھڑے ہیں۔
مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کشمیر میں ظلم کی ہر حد پار چکا ، لیکن آزادی کی آوازیں دبنے کی بجائے مزید بلند ہو رہی ہیں، بھارت کی اس سے بڑی ہار کیا ہو گی کہ ہر ظلم کے باوجود ناکامی اس کا مقدر ہے، خواتین و بچوں سمیت کشمیریوں کی آزادی کے لیے عظیم قربانیاں بے مثال ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آزادی کے حصول تک کشمیریوں کا ساتھ دینا ایمان کا حصہ ہے، اللہ تعالی شہداءکے درجات بلند، کشمیریوں کو آزادی کی نعمت عطا فرمائے۔
مریم نواز نے ایک اور ٹویٹ میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کشمیری پرچم کو چومتے ہوئے لی گئی تصویر بھی شیئر کی ہے ۔
کشمیر کے بہادر اور غیور عوام کو سلام!
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) February 5, 2023
کشمیر کی لازوال جدوجہد کو سلام!
کشمیر بنے گا پاکستان! pic.twitter.com/TAKKMhcTD4
واضح رہے کہ آج کئی دہائیوں سے بھارتی مظالم کا سامنے کرتے نہتے کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کا عزم لیے قوم آج یوم یکجہتی کشمیر منا رہی ہے۔