لاہور: (دنیا نیوز ) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ پنجاب ہیلتھ کارڈ سکیم کو بلاک کیے جانے کی شدید مذمت کرتا ہوں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں عمران خان نے کہا کہ ہیلتھ کارڈ عوام کی جمع پونجی چاٹ جانے والی جان لیوا مہنگائی کے ماحول میں عوام کیلئے ایک بڑی نعمت تھا، اس منصوبے کے باعث نجی شعبہ دیہی علاقوں میں ہسپتال قائم کرنے کے عمل سے گزر رہا تھا۔
سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے مزید کہا کہ اس پورے منصوبے کو صحت کے موضوعات پر چھپنے والے عالمی جریدے ”لینسٹ“ نے سراہا، اس منصوبے کا خاتمہ ان دونوں خاندانی جماعتوں کی سفاک ذہنیت کی عکاسی کرتا ہے۔