پی ڈی ایم اتحاد کی ایم کیو ایم سے ضمنی الیکشن میں حصہ نہ لینے کی درخواست

Published On 16 February,2023 05:54 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پی ڈی ایم کے حکومتی اتحاد نے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان سے ضمنی الیکشن میں حصہ نہ لینے کی درخواست کر دی۔

ذرائع کے مطابق پی ڈی ایم کی جانب سے ایم کیو ایم کے رہنماؤں سے رابطہ کر کے قومی اسمبلی کے ضمنی انتخابات میں حصہ نہ لینے کی درخواست کی گئی۔

ایم کیو ایم پاکستان نے رابطہ کمیٹی سے مشاورت کا وقت ماتگنے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب اور کراچی کے حالات میں فرق ہے، رابطہ کمیٹی معاملہ کو بغور جائزہ لے گی۔

ایم کیو ایم نے کہا تمام زمینی حقائق کو مدنظر رکھ کر فیصلہ کریں گے، حال ہی میں بلدیاتی انتخابات کا بائیکاٹ کیا ہے، دیکھیں گے ایک اور بائیکاٹ کیا جاسکتا ہے یا نہیں۔

واضح رہے حکومتی اتحاد کی متعدد جماعتیں ضمنی الیکشن میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کر چکی ہیں، اس حوالے سے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) نے اپنے امیدواروں کو کاغذات نامزدگی واپس لینے کی ہدایت کر دی ہے۔