کراچی: (دنیا نیوز) سندھ میں پرائس کنٹرول ایکٹ میں ترمیم کر کے جرمانے کی رقم بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ضروری اشیاء کی قیمتوں پر کنٹرول کے حوالے سے اجلاس ہوا، چیف سیکرٹری سندھ ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت نے ویڈیو لنک کے ذریعے وزیر اعظم شہباز شریف کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پرائس کنٹرول ایکٹ میں ترمیم کر کے جرمانے کی رقم بڑھائی جائے گی، ترمیم کے تحت مہنگی اشیاء بیچنے پر سخت ایکشن لیا جائے گا۔
چیف سیکرٹری سندھ کا کہنا تھا کہ 6 ماہ قید کے ساتھ 5 لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کیا جائے گا، اشیاء قبضے میں لے کر موقع پر سرکاری قیمت پر آکشن کیس جائے گا اور دکان کو جرمانہ کی رقم ادا ہونے تک سیل رکھا جائے گا، صوبے میں پرائس انسپکٹرز کی تعداد کو بھی بڑھا یاجائے گا۔
Islamabad : Prime Minister Muhammad Shehbaz Sharif chairs a meeting on availability and pricing of essential food items ( 13.2.23) pic.twitter.com/eqPbkF1Mkb
— PML(N) (@pmln_org) February 13, 2023
ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت نے بریفنگ میں بتایا کہ تمام محکموں کے سیکرٹریز کو اضلاع میں پرائس مانیٹرنگ کے لئے بھیجا جائے گا، ڈپٹی کمشنرز کے ساتھ سیکرٹریز بھی رمضان میں پرائس کنٹرول پر کام کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ 17 گریڈ کے سیکشن افسران کو بھی پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کے اختیار دئیے جائیں گے جبکہ پرائس مجسٹریٹ کو 188 کے تحت اختیارات دئیے جائیں گے، انہوں نے یہ بھی بتایا کہ سندھ میں یکم مارچ سے گندم کی خریداری شروع کی جائے گی۔
چیف سیکرٹری نے بتایا کہ صوبے میں تعلقہ سطح پر کنٹرول روم قائم کئے جائیں گے، کراچی میں رمضان میں 300 بچت بازار لگائے جائیں گے، بچت بازار صوبے کی ہر تحصیل میں حکومت کی جانب سے لگائے جائیں گے۔