اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک میں معاشی بحران کے پیش نظر وزیراعظم کی کفایت شعاری کمیٹی نے بیرون ملک پاکستانی سفارتخانوں کی تعداد کم کرنے کی سفارش کردی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم ہاؤس نے دو ہفتوں میں وزارت خارجہ سے پلان مانگ لیا، پلان مانگنے کیلئے وزارت خارجہ کو خط بھی لکھ دیا گیا ہے۔
خط میں لکھا ہے کہ پاکستانی سفارتخانوں کا خرچہ 15 فیصد کم کیا جائے، خرچہ کم کرنے کیلئے چند سفارتخانوں کو بند، افسران اور سٹاف کی تعیناتیوں میں کمی کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کے اس وقت دنیا بھر میں کل 113 سفارتخانے اور قونصل خانے ہیں، وزارت خارجہ پہلے ہی اپنی کیڈر نمبر سے کم افرادی قوت پر کام کر رہی ہے۔