ہماری سکیورٹی فورسز دہشت گردوں کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہیں: وزیر اعظم

Published On 10 February,2023 08:51 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت امن و امان کی صورت حال کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا جس میں وزیر داخلہ سمیت متعلقہ اداروں کے حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران وزیر اعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسی قسم کا سکیورٹی لیپس برداشت نہیں کیا جائے گا، امن و امان کے حوالے سے وفاق اور صوبوں میں رابطوں، ہم آہنگی مزید بہتر کی جائے اس حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ چاروں صوبوں کا دورہ کریں۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ صوبوں میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹس کی استعداد کار میں بہتری لانے کیلئے مؤثر اقدامات کیے جائیں، قانون نافذ کرنے والے اداروں کو جدید ہتھیاروں، سامان سے لیس اور اپیکس کمیٹی میں کئے گئے فیصلوں پر بھرپور عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔

وزیراعظم نے کوہلو میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں پاک فوج کے افسران میجر جواد اور کیپٹن صغیر کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہماری سکیورٹی فورسز دہشت گردوں کے مذموم مقاصد کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہیں۔

انہوں نے کہا دہشت گرد امن کیلئے ہماری کوششوں کو سبوتاژ نہیں کر سکتے، دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں شہید ہونے والوں کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے، وزیراعظم نے شہداء کی بلندی درجات کیلئے دعا اور سوگوار خاندانوں سے اظہار تعزیت بھی کیا۔
 

Advertisement