اسلام آباد :(دنیا نیوز) پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج سہ پہر تین بجے ہوگا، وزیراعظم شہباز شریف پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف پارلیمنٹ کےمشترکہ اجلاس میں شرکت اور خطاب کریں گے جبکہ اجلاس میں کشمیریوں پر بھارتی مظالم کی مذمت میں قرارداد پیش کی جائے گی ، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کشمیر کے یوم یکجتی پر قرارداد پیش کریں گے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی سینیٹرز نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، پی ٹی آئی سینیٹرز کو اپوزیشن لیڈر کے چیمبر سے آگاہ کردیاگیا۔
ذرائع کے مطابق پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس پرسکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے ، اس ضمن میں سکیورٹی ہدایت نامہ جاری کردیا گیا ، ہدایت نامے کے مطابق مہمانوں، سرکاری افسران اور غیر متعلقہ افراد کا داخلہ ممنوع ہے جبکہ وزراء کے اسٹاف اور اراکین کے مہمانوں کو پارلیمنٹ لانے پر پابندی ہوگی۔
ہدایت نامہ میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی رکن کے سکیورٹی گارڈز کو پارلیمنٹ کے احاطے میں داخلے کی اجازات نہیں ہوگی، پارلیمنٹرین کو ایوان میں لانے کے لئے خصوصی شٹل سروس چلائی جائے گی، پارلیمنٹ لاجز سے پارلیمنٹیرین کی شٹل سروس میں خصوصی سکیورٹی اہلکار بھی تعینات ہوں گے ۔