وفاقی کابینہ: ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کی امداد کیلئے وزیراعظم ریلیف فنڈ قائم

Published On 07 February,2023 10:47 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ آزمائش کی اس گھڑی میں پاکستان اپنے بھائی ترکیہ اور اس کے عوام کے ساتھ ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت منعقدہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وفاقی وزراء کے علاوہ سینئر حکام نے شرکت کی، وزیر اعظم نے کابینہ اراکین کو دورہ ترکیہ سے متعلق آگاہ کیا، کابینہ کی جانب سے ترکیہ میں ہولناک زلزلہ پر ترکیہ کے عوام اور حکومت سے اظہار یکجہتی کیا گیا۔

وفاقی کابینہ نے ترکیہ اور شام میں ہولناک زلزلہ میں جاں افراد کے لئے فاتحہ خوانی کی اور ملکی مجموعی معاشی و سیاسی صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مریم اورنگزیب نے کہا کہ ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کی امداد کیلئے وزیراعظم ریلیف فنڈ قائم کر دیا گیا، وفاقی کابینہ نے ایک ماہ کی تنخواہ ریلیف فنڈ میں دینے کا اعلان کیا ہے، وزیراعظم شہباز شریف نے مخیر حضرات سے بھی امداد کی اپیل کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ترکی، شام میں تباہ کن زلزلہ سے تباہی اور ہلاکتیں دماغ کو سن کر رہی ہیں: وزیراعظم

کابینہ اجلاس میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر بے حد رنجیدہ ہیں، غمزدہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتے ہیں، آزمائش کی اس گھڑی میں پاکستان اپنے بھائی ترکیہ اور اسکے عوام کے ساتھ ہے، زلزلے کی تباہی سے نمٹنے میں پاکستان ترکیہ کی حکومت اور عوام کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گا۔

اجلاس کے دوران وزارت انسانی حقوق کی جانب سے امتیاز بی بی کیس فیصلے پر عملدرآمد پر بریفنگ دی گئی جبکہ 3 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔

وفاقی کابینہ اجلاس میں صدر نیشنل بینک کی تقرری اور کریمنل لاز ترمیمی بل 2023 کی منظوری سے متعلق تجاویز بھی پیش کی گئیں۔
 

 

Advertisement