اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پرائم منسٹر یوتھ لون سکیم کے حوالے سے اہم جائزہ اجلاس ہوا۔
اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت نوجوانوں میں انٹرپرنیور شپ اور روزگار کے فروغ کے حوالے سے خاطر خواہ اقدامات کر رہی ہے، نوجوانوں کو آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ نوجوان پاکستان کا اثاثہ ہیں جن کی فلاح و بہبود سے ملکی ترقی جڑی ہوئی ہے، 30 جون 2023 تک پی ایم یوتھ لون سکیم کے ذریعے 30 ارب روپے تک قرضوں کی فراہمی کے ہدف کو پورا کیا جائے۔
پی ایم یوتھ لون سکیم کے حوالے سے تمام تر آپریشنل مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کر دی، وزیر اعظم کی سربراہی میں پی ایم یوتھ لون سکیم کی کارکردگی اور کام کی رفتار کو جانچنے کے حوالے سے سٹیئرنگ کمیٹی قائم کر دی گئی۔