اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات ختم ہو گئے، حکومت اور عالمی مالیاتی ادارے کے درمیان سٹاف کی سطح پر معاہدہ نہ ہو سکا۔
مذاکرات میں ایکشنز اور پیشگی اقدامات پر اتفاق کیا گیا ہے، آئی ایم ایف مشن نے سٹاف لیول معاہدے کیلئے مزید وقت مانگ لیا، واشنگٹن سے منظوری کے بعد سٹاف لیول معاہدہ ہو گا، سٹاف لیول ایگریمنٹ آئندہ چند دنوں میں ہونے کی توقع ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق آئی ایم ایف مشن کو واشنگٹن سے اعلامیے کی منظوری کا انتظار ہے، آئی ایم ایف کا جائزہ مشن مذاکرات کے بارے بیان جاری کرے گا اس کے بعد وزیر خزانہ اسحاق ڈار پریس کانفرنس کریں گے، آئی ایم ایف وفد اب جلد واپس چلا جائے گا۔
دوسری جانب حکومتی ذرائع نے بتایا ہے کہ مذاکرات میں غریب عوام پر مزید ٹیکس نہ لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، بجلی اور گیس کے بلوں میں غریب طبقے کیلئے سبسڈی برقرار رہے گی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے وزیر خزانہ کو ہدایت کی تھی کہ آئی ایم ایف معاہدے کے بعد غریب طبقے پر کوئی بوجھ نہ پڑے، مذاکرات میں اشرفیہ پر مزید ٹیکس لگائے جانے کا کہا گیا۔