شہباز شریف کا شام کے وزیر اعظم کو ٹیلیفون، جانی و مالی نقصان پر اظہار افسوس

Published On 11 February,2023 05:35 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرِ اعظم شہباز شریف نے شام کے وزیرِ اعظم حسین آرنوس کو ٹیلی فون کر کے شام میں زلزلے سے شدید جانی اور مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

وزیرِ اعظم نے حسین آرنوس کی ہمشیرہ، ان کے 11 بچوں، پوتوں اور نواسوں کی ہلاکت پر اظہار تعزیت کیا، وزیر اعظم نے مرحومین کیلئے بلندیٔ درجات اور سوگواروں کیلئے صبرِ جمیل کی دعا کی، پاکستان کی طرف سے زلزلہ زدگان کیلئے امدادی کاوشوں کے بارے میں آگاہ کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ شام میں المناک نقصان پر پاکستانی عوام گہرے رنج و غم میں مبتلا ہیں، شامی بھائیوں کو ہر ممکن مدد اور تعاون فراہم کریں گے، شام میں پاکستان کے سفیر اس سلسلے میں شامی حکام کے ساتھ قریبی رابطے میں ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان پہلے ہی زلزلہ زدگان کیلئے امداد پر مشتمل ایک خصوصی طیارہ شام بھیج چکا ہے، زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے کے لیے پاکستان کی ایک طبی ٹیم بھی بہت جلد شام پہنچے گی۔

شہباز شریف نے کہا کہ امدادی سامان سے بھرے ٹرکوں پر مشتمل قافلہ بھی جلد روانہ کیا جائے گا، مشکل وقت پاکستان اپنے شامی بہن بھائیوں کی ہرممکن مدد کرے گا۔
 

Advertisement