صدر نے غیر آئینی حرکت کی، ان کے خلاف کارروائی ہو گی: خواجہ آصف

Published On 20 February,2023 06:35 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ صدر کی اوقات ہی نہیں کہ الیکشن کی تاریخ کا فیصلہ کر سکے صدر مملکت اپنے اختیارات کے دائرے سے باہر نکل رہے ہیں۔

قومی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ صدر مملکت نے آئین کی خلاف ورزی کی ہے، آئین میں تمام عہدیداروں کی ذمہ داریاں واضح ہیں، صدر مملکت پی ٹی آئی کارکن کی حیثیت سے کام کر رہے ہیں، انہوں نے غیر آئینی حرکت کی اس کا کوئی جواز نہیں، غیر آئینی اقدام پر صدر کے خلاف کارروائی ہو گی۔

عمران خان کے حوالے سے خواجہ آصف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چھتوں کے پلستر ایک ماہ بعد اتر جاتے ہیں اس کا پلستر نہیں اتر رہا، عمران خان آج عدالت پہنچ گیا اور ڈرامے کر رہا ہے، وہ جیل بھرو تحریک شروع کر رہا ہے دیکھیں بدھ کو کیا ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: صدر پاکستان کے پاس الیکشن کرانے کا اختیار نہیں ہے: گورنر خیبرپختونخوا

اس سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ ملک ڈیفالٹ کرنے کے حوالے سے بلاول بھٹو کا اپنا موقف ہے، آئی ایم ایف کے پاکستان کے ساتھ معاملات طے پا رہے ہیں جس کی وجہ سے ملک ڈیفالٹ نہیں کرے گا، پاکستان کی معاشی صورتحال بے قابو ہو رہی ہے، چار ہزار روپے پر 14 سو 15 سو کنال کا مال روڈ پر گالف کلب دیا ہوا ہے، اگر کسی کو بسانا ہے تو گالف کلب میں بسائیں۔

وزیر دفاع نے مزید کہا کہ غریبوں کی بستیوں پر بلڈوزر کیوں چلاتے ہیں، پاکستان کے بڑے بڑے ادارے اور کمپنیاں ڈیفالٹ کر چکی ہیں، ملک کی آدھی آبادی غربت اور آدھی عیاشی کی زندگی گزار رہی ہے جو لمحہ فکریہ ہے، جو چیزیں ملک کے لیے زرمبادلہ نہیں بنا رہی انکا کوئی اور حل نکالنا ہو گا، ملک کے اشرافیہ غریبوں کی غربت کا مذاق اڑا رہے ہیں۔