اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ مہنگائی کی ذمہ دار موجودہ حکومت نہیں، عوام جانتے ہیں کہ معاشی تباہی اور مہنگائی کا عذاب سابق حکومت لائی۔
مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر نے تنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 4 سال میں جو تباہی مچائی گئی اس سے نجات میں چند سال لگیں گے، نوازشریف آئے گا تو سب حالات ٹھیک ہو جائیں گے، ماضی میں بھی ہمیشہ برے حالات میں ملک ملا، نوازشریف، شہباز شریف نے ہمیشہ ڈلیور کیا، اب بھی قوم اور ملک کو مسائل سے نکالیں گے۔
مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے لوگ مسلم لیگ (ن) میں آنے کیلئے منتیں کر رہے ہیں، عمران خان کے خلاف مقدمات سیاسی انتقام کی بنیاد پر نہیں بنے، مشرق اور مغرب میں سب جانتے ہیں عمران خان نے ٹیریان کے معاملے میں جھوٹ بولا ہے، ٹیریان والا جھوٹ نہ نگلا جا رہا ہے اور نہ اگلا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ توشہ خانہ میں عمران خان نے ڈکیتیاں کی ہیں، فارن فنڈنگ میں عمران خان مجرم ثابت ہو چکا ہے، تنظیم کو ہر سطح پر فعال بنائیں گے، سوشل میڈیا، خواتین اور یوتھ ونگز کو مزید وسعت دیں گے، خواتین اور نوجوانوں کو آگے لائیں گے، فخر ہے کہ کارکن ہوں اور کارکنوں کے ساتھ ہوں۔