شہباز شریف کی ترکیہ کیلئے خیموں کی تیاری و ترسیل 23 مارچ تک مکمل کرنے کی ہدایت

Published On 27 February,2023 11:00 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کے لیے خیموں کی بقایا کھیپ کی تیاری و ترسیل 23 مارچ تک مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیرِ اعظم کے زیر صدارت ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کیلئے پاکستان کی طرف سے جاری امدادی کارروائیوں پر جائزہ اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ ترکیہ میں سردی سے بچاؤ کے خیمے فضائی راستے سے بھیجے جائیں۔

یہ بھی پڑھیں: ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کارروائی، وزیر اعظم نے انتظامیہ کو فری ہینڈ دیدیا

شہباز شریف نے کہا کہ نئے خیموں کے معیار کو نظر انداز کئے بغیر کم سے کم نرخوں پر تیار کیا جائے، ترکیہ میں بھیجے جانے والے خیموں کا معیار جانچنے کیلئے تھرڈ پارٹی ویری فکیشن یقینی بنائی جائے۔

وزیر اعظم نے کسٹمز حکام کو امدادی سامان کی فوری ترسیل کیلئے ہوائی اڈوں پر خصوصی انتظامات کی ہدایت کی، انہوں نے کہا کہ پاکستان شام کے زلزلہ متاثرین کی مدد انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کر رہا ہے، تعلیمی اداروں میں ترکیہ اور شام کے زلزلہ زدگان کیلئے فنڈ ریزنگ کو مزید تیز کیا جائے۔
 

Advertisement