'اسلام آباد پولیس نے غلامی میں سندھ پولیس کو پیچھے چھوڑ دیا ہے'

Published On 05 March,2023 04:45 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے رہنماؤں نے عمران خان کی ممکنہ گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد پولیس نے غلامی میں سندھ پولیس کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

اپنے ایک بیان میں پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کی عمران خان کو گرفتار کرنے کی کوشش کی مذمت کرتے ہیں، یہ نوٹس کے شوشے چھوڑ کر کارکنان کو بدگمان کرنا چاہتے ہیں، زمان پارک میں عمران خان کے کارکنان چٹان کی طرح اس غلام پولیس کے سامنے کھڑے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کیلئے اسلام آباد پولیس لاہور میں موجود

خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو گرفتار کیا تو عوام کا لشکر اور غم و غصہ امپورٹڈ حکومت کو بہا لے جائے گا، امپورٹڈ حکومت اور غلام پولیس ایسے کسی ایڈوینچر کی خواہش نہ کرے۔

پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ نے کہا کہ عمران خان کو گرفتار کرنے کا سوچنے والے اپنی حد میں رہیں، سندھ بھر میں احتجاج کیلئے تمام عہدیداران اور کارکنان تیار رہیں۔

حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ سندھ بھر میں اپنا بھرپور احتجاج ریکارڈ کروائیں گے، سیاسی میدان میں مسلسل ذلت کے باعث حکمران پاگل ہوچکے ہیں،امپورٹڈ حکومت کی اس حرکت کا بھرپور جواب دیں گے۔

Advertisement