فواد چودھری نے چیئرمین نیب کی تقرری کا عمل متنازع قرار دے دیا

Published On 04 March,2023 09:25 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے چیئرمین نیب کی تقرری کے عمل کو متنازع قرار دے دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں رہنما پی ٹی آئی فواد چودھری نے کہا کہ چیئرمین نیب کی تقرری کا عمل متنازع ہے۔

انہوں نے کہا کہ عدالت پی ٹی آئی ممبران کے استعفوں کا نوٹیفکیشن معطل کر چکی ہے اور تحریک انصاف شاہ محمود قریشی کو قائد حزب اختلاف نامزد کر چکی ہے۔

اس پس منظر میں نئے چیئرمین نیب کی تقرری میں حکومت اور اپوزیشن کی مشاورت کا عمل قانونی اعتبار سے نہیں ہوا جو چیئرمین نیب کی تقرری کے عمل کو متنازع بناتا ہے۔

خیال رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کے ساتھ مشاورت کے بعد لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) نذیر احمد کو چیئرمین نیب تعینات کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

Advertisement