اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ ویسے آڈیو کون لیک کر رہا ہے؟ کون بھیجتا ہے صحافیوں کو آڈیوز؟
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ جو آڈیو لیک کر رہے ہیں پہلے ان پر ایکشن ہونا چاہیے، جب آڈیو لیک کرنے والوں پر ایکشن ہو گا تو اس کے بعد آگے معاملات دیکھے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی اسمبلیاں بحال کرنی ہیں تو پہلے آئین کو ہی ختم کرنا ہو گا، وزیرِ اعلیٰ کے پاس اسمبلیاں تحلیل کرنے کا جو اختیار ہے پہلے اسے کالعدم قرار دینا ہوگا۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ممبران صوبائی اسمبلی نے یہ جانتے ہوئے ووٹ دیا کہ اسمبلیاں تحلیل ہوں گی، اسمبلیاں تحلیل ہونے کا جانتے ہوئے ووٹ دینے سے بڑا جمہوری عمل کیا ہوگا۔
فواد چودھری نے کہا کہ اگر اسمبلیاں دوبارہ بحال ہوتی ہیں تو دوبارہ تحلیل کر دی جائیں گی۔