لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما وسابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا کہ پنجاب میں الیکشن کی تاریخ ملنا آئین کی فتح ہے، سیاسی جماعتوں کو چاہئے کہ اقتدار کا فیصلہ اب عوام کو کرنے دیں۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اقتدار کا فیصلہ نامزدگیوں پر نہیں عوام کے ہاتھ میں ہونا چاہئے، ہر آنے والے دن کے ساتھ حکومت کے دن پورے ہو رہے ہیں، حکومت اس قابل نہیں رہی کہ حیلے بہانے کر سکے۔
یہ بھی پڑھیں: ملکی بہتری کیلئے آرمی چیف سے بات کرنے کو تیار ہوں، عمران خان
فواد چودھری نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ اپنی پالیسی پر نظر ثانی کرتے ہوئے عوام پر اعتبار کرے، حکومت نہیں اسٹیبلشمنٹ کی سوچ کی اہمیت ہے، الیکشن فریم ورک پر بات چیت کیلئے تیار ہیں، الیکشن فریم ورک پر بات چیت کیلئے آئینی ترمیم کی ضرورت ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ میں حکومت سے درخواست کروں گا کہ سیاسی جماعتوں اور اسٹیبلشمنٹ کو ساتھ لے کر ایک دوسرے کو جگہ دیں، ہمارا اس وقت اسٹیبلشمنٹ سے کوئی رابطہ نہیں۔