لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میری اسٹیبلشمنٹ سے کوئی لڑائی نہیں، ملک کی بہتری کیلئے آرمی چیف سے بات کرنے کو تیار ہوں، کوئی بات نہیں کرنا چاہتا تو میں کیا کروں؟۔
صحافیوں سے ملاقات میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ میں چیلنج کرتا ہوں مجھ پر اور میری اہلیہ پر ایک کرپشن کا کیس ثابت کر دیں، ہماری اسٹیبلشمنٹ کو سمجھ نہیں ہے کہ سیاست کیا ہوتی ہے، پورا زور لگایا گیا کہ پرویز الہٰی میرا ساتھ چھوڑ دیں، اب ہم نے پرویز الہٰی کے ساتھ وفاداری دکھانی ہے، میں کسی کے ساتھ بے وفائی نہیں کر سکتا۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان انتخابی مہم کی قیادت سنبھالنے کیلئے سڑکوں پر آنے کو تیار
سابق وزیراعظم نے کہا کہ اگر ایک ہی بار میں عام انتخابات ہو جائیں تو پیسے کی بچت ہوگی، ہم پی ڈی ایم کے امپائرز کے باوجود الیکشن جیتیں گے، اوورسیز پاکستانی پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں، مخصوص نشستوں پر خواتین بھی چاہتی ہیں وہ وزیراعلیٰ پنجاب بنیں، پنجاب کے وزیراعلیٰ کا فیصلہ ابھی کر لیا تو قتل عام ہو جائے گا۔
عمران خان نے کہا کہ مریم نواز ہماری بہترین کھلاڑی ہیں، وہ جو بھی کرتی ہیں فائدہ ہمیں ہوتا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ اسلام آباد ہوائی جہاز سے نہ جانے کا فیصلہ رات 12 بجے کیا، خبر آئی کہ مجھے ہوائی اڈے سے گرفتار کر کے بلوچستان لے جانا چاہتے تھے، جنہوں نے میری حفاظت کرنی ہے مجھے ان سے ہی خطرہ ہے، جیل میں ڈالنے سے اور ووٹ پڑتے ہیں۔