اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان کی 9 مارچ کو پیشی کیلئے رجسٹرار آفس اسلام آباد ہائیکورٹ نے سکیورٹی اور دیگر ایس او پیز کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق چیف جسٹس اسلام آباد کے کمرہ عدالت میں انٹری پاس کے ذریعے داخلے کی اجازت ہوگی، اسلام آباد انتظامیہ اور پولیس کو سکیورٹی انتظامات کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔
سابق وزیراعظم عمران خان کے وکلاء کو 15 ناموں کی لسٹ مہیا کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ اٹارنی جنرل آفس اور ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کو 5، 5 ناموں کی لسٹ دینے کا کہا گیا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ جرنلسٹ ایسوسی ایشن کو 30 صحافیوں کی لسٹ دینے کی ہدایت کی گئی ہے، سرکلر میں 8 مارچ سہ پہر 3 بجے سے پہلے تمام متعلقہ افراد کی لسٹ دینے کا کہا گیا ہے۔