خواتین کو مساوی مواقع دیئے بغیر سماجی و معاشی ترقی ممکن نہیں، شازیہ مری

Published On 07 March,2023 11:04 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت اور سماجی تحفظ، شازیہ مری نے کہا ہے کہ خواتین کو مساوی مواقع دیئے بغیر سماجی و معاشی ترقی ممکن نہیں۔

قومی کمیشن برائے انسانی حقوق (این سی ایچ آر) کے زیر اہتمام "گھریلو تشدد" کے عنوان سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ گھریلو تشدد کسی گھر یا خاندان تک محدود نہیں بلکہ معاشرے کا مسئلہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاگل خان نے ملک کا خانہ خراب کر دیا، غریب کی آواز اللہ سنے گا: آصف زرداری

انہوں نے کہا کہ کوئی بھی معاشرہ اس وقت تک سماجی اور معاشی ترقی حاصل نہیں کر سکتا جب تک کہ وہ اپنی خواتین کو مساوی مواقع فراہم نہ کرے، شازیہ مری نے خواتین کو آزادانہ نقل و حرکت اور مردوں کے برابر ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی میں حصہ ڈالنے کے لیے مزید سازگار ماحول فراہم کرنے پر زور دیا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہمارا مذہب اور آئین خواتین کو تحفظ کے ساتھ ساتھ زندگی کے تمام شعبوں میں کردار ادا کرنے کی جگہ کی ضمانت دیتا ہے، انہوں نے کہا کہ گھریلو تشدد ایک ایسا مسئلہ ہے جس کا عالمی سطح پر خواتین کو سامنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: جعلی پلستر زیادہ دیر نہیں چلے گا، عمران خان کو گرفتار ہونا چاہیے: شرجیل میمن

انہوں نے مزید کہا کہ اگر خواتین کو ان کے جائز حقوق دیئے جائیں تو ملک میں خواتین مارچ یا احتجاج نہیں کریں گی، وفاقی وزیر نے کہا کہ انہیں گلابی بسیں صرف خواتین کے لیے دیکھ کر خوشی ہوئی ہے تاکہ انہیں محفوظ سفری ماحول فراہم کیا جا سکے لیکن وہ زیادہ خوش ہوں گی اگر خواتین مردوں کے ساتھ بیٹھ کر خود کو محفوظ محسوس کریں۔

شازیہ مری نے کہا آئیے اپنے معاشرے میں خواتین کے لیے مزید سازگار ماحول کو یقینی بنانے کا عہد کریں، انہوں نے کہا آئیے ایک ایسا معاشرہ بنائیں جو خواتین کو تحفظ دے اور ان کی کامیابیوں کا جشن منائے تاکہ وہ ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈال سکیں۔