تحریک انصاف نے الیکشن ریلی ملتوی کر دی، کارکنوں سے گھر جانے کی اپیل

Published On 08 March,2023 06:07 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن ریلی ملتوی کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کارکنوں کو گھر جانے کی اپیل کر دی۔

حماد اظہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کارکن کسی صورت مشتعل نہ ہوں، یہ لوگ ملک میں خون چاہتے ہیں، کارکن پُرامن طریقے سے پیچھے ہٹ جائیں، ہم کسی صورت خون خرابہ نہیں چاہتے۔

یہ بھی پڑھیں: ویڈیو لنک کے ذریعے عمران خان کی پیشی کی درخواست سماعت کیلئے مقرر

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پُرامن ریلی پر حکومت نے تشدد کرایا، رات کے وقت پورا سکیورٹی پلان کلیئر ہوا تھا، پُرامن الیکشن ریلی نکالنا ہمارا حق ہے، پولیس نےشہریوں کی گاڑیوں کو توڑا، ان کا سانحہ ماڈل ٹاؤن کا پورا ارادہ تھا۔

انہوں نے کہا کہ 100 کارکن گرفتار ہیں، یہ فاشزم نہیں تو اور کیا ہے،عمران خان نے اعلیٰ عدلیہ سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر نوٹس لینے کا کہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: تحریک انصاف کا ریلی روکنے پر پولیس اور لاہور انتظامیہ کیخلاف ہائی کورٹ سے رجوع

حماد اظہر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے لوگ گلی، محلوں میں نہیں جا سکتے، یہ چاہتے ہیں ملک میں افراتفری پھیلے، عمران خان کی ساری جدوجہد آئین و قانون کے دائرے میں ہے، آج پی ڈی ایم ، نگران حکومت نے انتہا کر دی۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے وکلا نگران حکومت پر توہین عدالت کا مقدمہ دائر کریں گے، نگران حکومت کا مقصد تو الیکشن کرانا تھا، جمہوریت کے لبادے میں فاشزم ہے، رانا ثنا اللہ چاہتے ہیں لاشیں گریں، ہم ملک میں خون خرابہ نہیں ہونے دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ایک طرف انتخابی شیڈول، دوسری طرف پُر امن ریلی پر تشدد کیا جا رہا ہے، فرخ حبیب

حماد اظہر کا کہنا تھا کہ خواتین، بچوں پر حملہ کیا گیا، ان کی کارکردگی ایسی ہے یہ اپنے گھر میں منہ دکھانے کے قابل نہیں، جب الیکشن کے ڈبے کھلیں گے تو یہ سارے چوہے، بلے کہیں نظر نہیں آئیں گے۔

Advertisement