اسلام آباد: (دنیا نیوز) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز کورٹ اسلام آباد نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کا تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا۔
ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے 4 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔
فیصلے کے مطابق عدالت نے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر کے عمران خان کو 7 مارچ کو طلب کیا تھا، سیشن عدالت نے 6 مارچ کو عمران خان کی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخی کی درخواست مسترد کی تھی، وارنٹ گرفتاری پر اپیل اسلام آباد ہائی کورٹ نے نمٹا دی تھی۔
تحریری فیصلے میں کہا گیا ہےکہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے مطابق عمران خان کو سیشن عدالت میں پیش ہونے کا موقع دینا چاہیے، اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے مطابق 13 مارچ تک عمران خان کے وارنٹ منسوخ کیے گئے، اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کو سیشن عدالت میں 13 مارچ کو پیش ہونےکا حکم دیا تھا۔
فیصلے میں کہا گیا کہ حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر فیصلہ اسلام آباد ہائی کورٹ اور سیشن عدالت کے ماضی کے فیصلوں پر ہوگا، اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کو صاف الفاظ میں 13 مارچ کو سیشن عدالت پیش ہونے کا حکم دیا، عمران خان 13 مارچ کو عدالت پیش نہیں ہوئے۔
تحریری فیصلے میں مزید کہا گیا کہ سیشن عدالت کے پاس عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرنے کے سوا کوئی آپشن نہیں، عمران خان کی 13 مارچ کو حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کی جاتی ہے، عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے جا رہے ہیں، عمران خان 18 مارچ کو عدالت پیش ہوں۔