توشہ خانہ تحفے کی ملکیت اسی کی ہوتی ہے جس کو ملتا ہے، شاہد خاقان

Published On 14 March,2023 10:15 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ توشہ خانہ تحفے کی ملکیت حکومت پاکستان کے پاس نہیں ہوتی، تحفے کی ملکیت اس شخص کی ہوتی ہے جس کو تحفہ ملتا ہے۔

جوڈیشل کمپلیکس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ سالوں سے لوگ احتساب عدالتوں کے چکر لگاتے ہیں فیصلے نہیں ہو رہے، نئے چیئرمین غریب لوگوں کے کیسز ختم کریں، سیاست دانوں کے بے شک چلائیں۔

انہوں نے کہا کہ توشہ خانہ میں میرا بھی نام آیا ہے، بیرون ملک سے اگر کوئی تحفہ ملتا ہے تو اسے توشہ خانہ میں جمع کروایا جاتا ہے، تحفے کو حاصل کرنے کیلئے قانون کے مطابق رقم ادا کرنی پڑتی ہے۔

سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ توشہ خانہ تحفے کی رقم کا تعین حکومت پاکستان ہی کرتی ہے، حکومت پاکستان اگر یہ سمجھتی ہے کہ میں نے تحائف کو غلط حاصل کیا یا رقم ادا نہیں کی تو میرے خلاف ضرور کارروائی کرے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہماری کوشش نئی پارٹی بنانے کی نہیں ہے، اللہ کا شکر ہے پاکستان پارٹیوں میں خود کفیل ہے، پاکستان میں 140 پارٹیاں موجود ہیں۔

Advertisement