فوجی گملوں میں پلے سیاستدانوں نے پاکستان کا برا حشر کر دیا: سراج الحق

Published On 19 March,2023 09:54 pm

واہ کینٹ: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ 35 سال اس ملک میں جرنیلوں نے حکومت کی، 35 سال ان سیاستدانوں نے حکومت کی جو فوجی گملوں میں پلے ہیں، ان سیاستدانوں نے آج پاکستان کا اتنا برا حشر کر دیا ہے کہ زرمبادلہ بنگلہ دیش سے بھی کم ہے۔

پنجاب کے صوبائی انتخابات کی انتخابی مہم کے حوالے سے منعقدہ ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ پاکستان میں 70 لاکھ سے زیادہ بچے نشے میں مبتلا ہیں، پاکستانیوں میں تیزی سے نفسیاتی مسائل بڑھ رہے ہیں، پاکستان میں گالی کی سیاست ہو رہی ہے، بیورو کریسی میں ساڑھے 3 لاکھ لوگ دوہری شہریت رکھتے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ آپ آئی ایم ایف ورلڈ بینک اور امریکہ کے غلام ہیں، آپ کے ملک کی کرنسی کا فیصلہ امریکا کرتا ہے، شہباز شریف نے کہا کہ متحدہ عرب امارات سے مانگنے کا دل نہیں کر رہا تھا لیکن مانگنا پڑا، لوگ بنگلہ دیش کو بھکاری کا طعنہ دے رہے تھے، آج بنگلہ دیش ہر شعبے میں ہم سے آگے ہے۔

انہوں نے کہا اللہ ہم سے سوال نہیں کرے گا کہ اتنے وسائل کے باوجود بھی ہم آئی ایم ایف کے غلام ہیں، انصاف ملک کی بنیاد ہوتی ہے، ملک میں عدل و انصاف ہو تو ملک ترقی کرتا ہے ورنہ لوگ خانہ جنگی کا شکار ہو جاتے ہیں، کیا ہماری عدالتیں آزاد ہیں؟، ہمارے ملک کی عدالتوں میں ظلم ہے۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ عمران خان کہتا ہے میں عدالت میں نہیں آؤں گا عدالت میرے پاس آئے، وہ کہتا ہے کہ عدالت جاؤں گا تو 4، 5 ہزار بندوں کو لے کر جاؤں گا، ایک ہی کیس میں لاہور اور اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ الگ ہے، سارے ملک کو تماشا بنایا ہوا ہے۔
 

Advertisement