لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے کہا ہے کہ حکومت اکٹھے الیکشن کروانا چاہتی ہے تو ہم آئین میں ترمیم کیلئے بیٹھنے کیلئے تیار ہیں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فرخ حبیب نے کہا کہ ہمارے کارکنوں اور رہنماؤں پر ظلم کیا جا رہا ہے، چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا، ہم لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر رہے ہیں، پٹیشن تیار کر لی گئی ہے، جلد دائر کر دیں گے، ملک میں آگ لگانے کی کوشش نہ کریں، پولیس ہماری ملزم ہے، کارروائی کریں گے۔
سابق وزیر مملکت فرخ حبیب نے مزید کہا کہ ہم پرامن انتخابات کا انعقاد چاہتے ہیں، یہ انتخابات کی وجہ سے خوفزدہ ہیں، اعجاز الحق نے اپنی پارٹی کو پی ٹی آئی میں ضم کر دیا ہے، یہ نگران حکومت نہیں نگرانی والوں کی حکومت ہے، ہم کسی قسم کے تشدد کی حمایت نہیں کریں گے۔
اس موقع پر مسرت جمشید چیمہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اطلاعات ہیں کہ زمان پارک پر گرینڈ آپریشن کا منصوبہ ہے، کل گھر پر حملہ کیا گیا، باجی بشریٰ گھر پر اکیلی تھیں، لوگ مریم کو ایسے ہی کلیجہ چبانے والی نہیں کہہ رہے، کارکن کسی بھی صورتحال کیلئے تیار رہیں، اب کچھ بھی ہوا تو یہ لوگ نتائج کے خود ذمہ دار ہوں گے، یہ ہمارے جلسے کو ناکام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ایڈووکیٹ اظہر صدیق نے کہا کہ نگران حکومت کے ساتھ جلسے کرنے کا معاہدہ ہوا تھا، کل جو زمان پارک میں ہوا وہ توہین عدالت اور غیر قانونی ہے، نواز شریف 50 روپے کے شٹام پیپر پر باہر چلے گئے، ابھی تک ان کے ناقابل ضمانت گرفتاری وارنٹ پرعملدرآمد نہیں ہوا، دو لوگوں نے سرچ وارنٹ لے کر آنا تھا، یہ دو کے بجائے دو ہزار اہلکار لے کر آگئے۔