لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ ملک میں کون فتنہ ہے اور کون دہشت گرد یہ فیصلہ پاکستان کے عوام کریں گے۔
وزیر داخلہ کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب پر رد عمل دیتے ہوئے سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ رانا ثنا اللہ نے سپریم کورٹ کو پیغام دیا کہ آئین کے مطابق 90 دن کے اندر الیکشن کروانے کا آپ نے جو حکم دیا ہے اس پر عمل درآمد نہیں ہونے دیں گے۔
فواد چودھری نے مزید کہا کہ مسلح جتھوں کے بارے میں رانا ثنا اللہ نے قومی اسمبلی میں آج جو تقریر کی ایسی ہی تقریر رانا ثنا اللہ نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے دن 17 جون 2014 کو پنجاب اسمبلی میں بھی کی تھی، وزیر داخلہ تھانے کے محرر کی طرح مختلف وقوعوں کو ایک جیسے انداز میں بیان کرتے ہیں۔
سابق وزیر اطلاعات فواد چودھری نے مزید کہا کہ امپورٹڈ حکمرانوں نے ایک بار پھر سپریم کورٹ کے خلاف اعلان جنگ کر دیا ہے، یہ گروہ پہلے بھی سپریم کورٹ پر حملہ کر چکا ہے، سیاست اور جمہوریت کا نام لینے والی کسی جماعت کو عوام کا سامنا کرنے سے گھبرانا نہیں چاہیے۔