حکومت کی جانب سے آئی ایم ایف کی منتیں کسی کام نہیں آ رہیں: چودھری پرویز الہٰی

Published On 22 March,2023 04:31 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی سے سابق صوبائی وزراء راجہ محمد بشارت اور میاں محمود الرشید نے ملاقات کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے مرکزی صدر چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ عمران خان کے دور میں ملک معاشی ترقی کر رہا تھا، شہباز شریف اینڈ کمپنی نے ترقی کا سفر روک دیا، نا اہل حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے عالمی دنیا میں پاکستان کی جگ ہنسائی ہو رہی ہے، تمام پابندیوں کے باوجود عمران خان کی مقبولیت عالمی میڈیا کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان سمیت پارٹی رہنماؤں اور ورکرز کیخلاف 130 مقدمات درج

سابق وزیر اعلیٰ چودھری پرویز الہٰی نے کہا پاکستان کو معاشی بحران سے نکالنے کا دعویٰ کرنے والوں نے آج تک کچھ نہیں کیا، آئی ایم ایف کے ترلے منتیں بھی کسی کام نہیں آ رہے ہیں، پاکستان کی تاریخ میں پہلا رمضان ہے جس میں عوام کو سحر اور افطار کے لالے پڑے ہوئے ہیں، مفت آٹے کے حصول کیلئے قیمتی جانیں ضائع ہو رہی ہیں لیکن حکمران لیپ ٹاپ تقسیم کرنے میں مصروف ہیں۔

  یہ بھی پڑھیں: لاہور ہائیکورٹ نے عمران خان کیخلاف کارروائی 24 مارچ تک روک دی

 چودھری پرویز الہٰی نے مزید کہا تحریک انصاف کو الیکشن مہم سے روکنے کیلئے کارکنوں اور رہنماؤں کی گرفتاریاں کی جا رہی ہیں، رانا ثناء اللہ اور مریم نواز عدلیہ اور ججز کے خلاف مہم چلا رہے ہیں، نا اہل حکمران جو مرضی کر لیں عوام انہیں الیکشن سے بھاگنے نہیں دیں گے، حالات کیسے بھی ہوں کرپٹ مافیا کے خلاف باہر نکلنا ہو گا، آئینی اور سیاسی حقوق کو پامال نہیں ہونے دیں گے۔ 

Advertisement