لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور تحریک انصاف کے مرکزی صدر چودھری پرویز الہٰی سے ملاقات کے دوران معروف سیاسی شخصیت و آزاد امیدوار سیٹھ محبوب نے ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔
اس موقع پر چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ پی ڈی ایم سازش کے تحت عمران خان اور فوج کو لڑوانا چاہتی ہے، عمران خان کی حب الوطنی کسی سے چھپی ہوئی نہیں، عمران خان اپنا سب کچھ پاکستان پر قربان کرنے کا عزم لیے ہوئے ہیں۔
— Ch Parvez Elahi (@ChParvezElahi) March 21, 2023
انہوں نے کہا کہ فوج ہمارے ملک کی سلامتی کی علامت ہے، ایسے ادارے کے خلاف زبان درازی بغاوت ہے، عمران خان کے صبر کا امتحان نہ لیں، پی ڈی ایم جو چاہتی ہے وہ کبھی نہیں ہو گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ملکی سلامتی اور ترقی کیلئے عمران خان کے ہاتھ مضبوط کرنے ہوں گے، عمران خان کو جھوٹے کیسز میں الجھا کر الیکشن سے راہ فرار اختیار کی جا رہی ہے، تحریک انصاف ہر محاذ پر ان کا مقابلہ کرے گی۔