سٹی ٹریفک پولیس نے ماہ صیام میں ٹریفک پلان تشکیل دے دیا

Published On 23 March,2023 03:37 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سٹی ٹریفک پولیس نے رمضان المبارک میں خصوصاً افطار کے وقت کے لیے ٹریفک پلان تشکیل دے دیا۔

سی ٹی او لاہور کیپٹن (ر) مستنصر فیروز کا کہنا ہے کہ ڈویژنل افسران اور سرکل افسران افطار کے وقت مکمل سپرویژن کریں گے، ماہ صیام میں 140 سینئر وارڈن، 02 ہزار سے زائد وارڈنز فرائض سرانجام دیں گے، اہم و مصروف بازاروں، رمضان بازاروں، آٹا سیل پوائنٹس پر نفری تعینات کر دی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ افطار کے وقت ٹریفک کی مؤثر روانی کے لئے ایمرجنسی اسکواڈز بھی تشکیل دیے گئے ہیں، مصروف مقامات پر رانگ پارکنگ کے خاتمے کیلئے 24 فوک لفٹرز، 02 بریک ڈاؤنز کو تعینات کیا گیا ہے، اہم شاہراہوں پر واقع سو سے زائد مساجد کے باہر ٹریفک اہلکار تعینات کردئیے گئے ہیں، شہریوں کی سہولت کے پیش نظر وارڈن کی سیکنڈ شفٹ میں نفری میں اضافہ کیا گیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ افطار کے وقت تمام سرکل افسران مصروف شاہراہوں پر موجود رہیں گے، وارڈنز کو ان کے ڈیوٹی پوائنٹس پر افطاری مہیا کی جائے گی، سپاہ کی حوصلہ افزائی کے لئے سینئر ٹریفک افسران بھی چوکوں میں افطاری کریں گے، ہمارا کام شہریوں کےلئے آسانیاں پیدا کرنا ہے۔