لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے آج مینار پاکستان میں ہونے والے جلسے کو ناکام بنانے کیلئے حکومت نے شہر کے مختلف راستوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا، میٹرو بس سروس بھی محدود کر دی گئی۔
حکومت نے ریلوے سٹیشن سے مینار پاکستان جانے والے تمام راستے بند کر دیئے، شاہ عالم مارکیٹ چوک، بانساں والا بازار چوک پر دونوں اطراف کنٹینرز لگا دیئے گئے۔
یہ بھی پڑھیں:میرا دل کہہ رہا ہے مینار پاکستان جلسہ تمام ریکارڈ توڑ دے گا: عمران خان
لاہور کے داخلی اور خارجی راستوں کو بھی کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے، راوی پل بند ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
درج ذیل سڑکیں ٹریفک کے لیے بند ہیں.براہ کرم متبادل راستے اختیار کریں اور 15 پر کال کریں یا مدد کے لیے اپنے موبائل پر RASTA APP ڈاؤن لوڈ کریں۔#ctplahore #services pic.twitter.com/SyCEUUXHpm
— City Traffic Police Lahore (@ctplahore) March 25, 2023
اس کے علاوہ سگیاں پل، انجینئرنگ یونیورسٹی روڈ کے راستے بند ہیں، شاہدرہ، راوی ٹول پلازہ، بتی چوک سے مینار پاکستان جانے والے راستوں کو کنٹینرز لگا کر بند کیا گیا ہے جبکہ نیازی چوک، دہلی دروازہ اور دوموریہ پل کو بھی بند کر دیا گیا ہے۔
انچارج میٹرو بس کے مطابق جلسے کے باعث میٹروبس کا روٹ مختصر کیا گیا ہے اور میٹروبس گجومتہ سے ایم اے او کالج تک چلائی جا رہی ہے۔
دوسری جانب ملک کے مختلف شہروں میں پولیس نے پی ٹی آئی کارکنان اور رہنماؤں کے خلاف کریک ڈاؤن میں متعدد سیاسی ورکرز کو گرفتار بھی کر لیا ہے دیگر کی گرفتاریوں کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
مزید پڑھیں:پی ٹی آئی نے مینار پاکستان جلسے بارے تمام شک و شبہات دور کر دیئے
پی ٹی آئی کی قیادت نے الزام عائد کیا ہے کہ پولیس نے ہمارے متعدد رہنماؤں اور کارکنوں کو حراست میں لے رکھا ہے، پولیس اور انتظامیہ کے تمام ہتھکنڈوں کے باوجود آج جلسہ ضرور ہوگا۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 25 مارچ کو مینار پاکستان لاہور میں جلسے کا اعلان کیا گیا تھا۔