لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر نے کہا ہے کہ سیاسی اور معاشی استحکام ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں، انتخابات کرا کے بحران سے نکلا جا سکتا ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر نے کہا ہے کہ کھانے پینے کی اشیا میں 47 فیصد اضافہ ہوا ہے، سرکاری آٹا 60 روپے کلو سے 130 روپے کلو ہو گیا، فائن آٹا 150 روپے کلو میں مل جائے تو بڑی بات ہے، آٹے کے ٹرک مارکیٹ کے درمیان کھڑے کرنے کا سوچا گیا، غریب آدمی کی عزت نفس کا خیال نہیں رکھا گیا، آج آٹا لینے آنے والے افراد پر آنسو گیس کا استعمال کیا گیا۔
تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر نے کہا ہے کہ لاکھوں لوگ بے روزگار ہو چکے ہیں، صنعتیں بند ہو چکی ہیں، خام مال پر بین لگا ہوا ہے، 1 لاکھ تنخواہ والے شخص کی تنخواہ 65 ہزار کے برابر ہو چکی ہے، باہر بیٹھا شخص آئین اور قانون کے خلاف فیصلوں کی بات کر رہا ہے، باہر بیٹھا شخص کہتا ہے کہ فیصلہ ٹھیک نہ آیا تو ڈالر 500 روپے کا ہو جائے گا، مسائل پیدا کر دیئے گئے ہیں۔
سابق وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا کہ پاکستان نے آج تک یہ حالات نہیں دیکھے، عام لوگوں کی زندگی مشکلات کا شکار ہے، وینزویلا اور لبنان میں بحران آئے ہیں، کچھ لوگوں کی ضد کی وجہ سے پاکستان کے حالات بھی اسی جانب جا رہے ہیں، انتخابات ہی مسائل کے حل کا واحد ذریعہ ہیں، رانا ثناء اللہ ٹی وی پر آکر دھمکیاں دیتا ہے، ہمارے دور میں اشیا کی تقسیم کے دوران کوئی بھگدڑ نہیں ہوئی۔
پی ٹی آئی کے رہنما حماد اظہر نے مزید کہا ہے کہ عدلیہ کا فرض آئین کی پاسداری ہے، عدلیہ آئین اور قانون کے مطابق ہی فیصلے دے گی، تحریک انصاف فلسطین کی آزادی تک اسرائیل کو تسلیم نہیں کریگی، فلسطینیوں پر مظالم ہوں اور ہم تجارت کریں یہ ٹھیک نہیں۔