لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ایک بار پھر آئین پر حملہ ہو رہا ہے، آئین پر عمل نہ کیا گیا تو ملک کو بہت نقصان ہوگا، آئین کی پاسداری کیلئے مختلف سیاسی جماعتوں سے رابطہ کریں گے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مجھ پر لوگوں کو اکسانے کا الزام ہے، میں اکسانے والوں میں سے نہیں سمجھانے والوں میں سے ہوں، کل کور کمیٹی اجلاس میں سپریم کورٹ میں کیس کی آپ بیتی بیان کی۔
سابق وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس نے کہا کہ آئین اور قانون کے مطابق چلنا ہے، چیف جسٹس نے گزشتہ روز دوٹوک اور واضح فیصلے کئے، مطالبہ کیا جا رہا تھا فل کورٹ بنایا جائے، اٹارنی جنرل درخواست کر رہے تھے موقف پیش نہیں کر سکتے۔
انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس نے رولز کے تحت 3 رکنی بنچ بنایا، پی ٹی آئی چیف جسٹس اور عدلیہ کا ساتھ دے گی، ایک بار پھر آئین پر حملہ ہو رہا ہے، ہم چاہتے ہیں سب آئین پر عمل کریں، آئین کی پاسداری کیلئے مختلف سیاسی جماعتوں سے رابطہ کریں گے۔
شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان رول آف لا کی جنگ لڑنے نکلے ہیں، بلاول بھٹو حملہ کرنے والوں کیخلاف خاموش ہیں، کیا نیب کیسز یا اقتدار کی کرسی نے گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا ہے؟