اسلام آباد : (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شہباز گِل پر بغاوت پر اکسانے کے کیس میں فردجرم ایک بار پھر عائد نہ ہوسکی۔
ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس کی عدالت میں پی ٹی آئی رہنما شہباز گِل اسلام آباد کی ضلع کچہری پیش ہوئے ۔
دوران سماعت جج نے شہباز گل سے مکالمہ کیا کہ آپ تو بیرون ملک جارہے ہیں، اس پر پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ آپ کی سالگرہ کی خوشی میں باہر جارہا ہوں، جنرل شعیب کے فیصلے پر سلام آپ کو پیش کرتا ہوں، جس پر جج نے استفسار کیا کہ آپ کی پاکستان واپسی کب ہے؟ شہبازگل نے جواب میں کہا کہ دور جانا ہے، تھوڑی مہربانی کردیں! اس پر جج نے کہا کہ آپ کوکون ساپیدل جانا ہے۔
شہبازگل کے وکیل نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ ابھی موصول نہیں ہوا، اس پر عدالت نے درخواست لکھ کر جمع کرنے کی ہدایت کردی ۔
بعد ازاں عدالت نے شہباز گل پر فرد جرم کی کارروائی مؤخر کرتے ہوئے سماعت 6 مئی تک ملتوی کردی۔
یہ بھی پڑھیں :لاہور ہائیکورٹ نے شہبازگل کو 4 ہفتوں کیلئے امریکا جانے کی اجازت دیدی
ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس نے بغاوت پر اکسانے کے کیس میں پی ٹی آئی رہنما شہباز گِل کو آج حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی تھی ۔
خیال رہے کہ گزشتہ سماعت پر شہباز گِل عدالت میں پیش نہیں ہوئے تھے جس وجہ سے ان پر فرد جرم عائد نہ ہو سکی تھی۔
کچھ روز قبل لاہور ہائی کورٹ شہباز گِل کو چار ہفتوں کے لیے ملک سے باہر جانے کی اجازت دے چکی ہے۔