لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جمہوریت کیلئے تحریک انصاف ہر آخری حد تک جائے گی۔
سینئر صحافیوں کی زمان پارک میں عمران خان سے ملاقات ہوئی، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نے کہا عدلیہ کی آزادی اور آئین پر کوئی سمجھوتہ نہیں، آزادانہ الیکشن ہی تمام مسائل کا حل ہے۔
— PTI (@PTIofficial) March 31, 2023
عمران خان نے کہا کہ مذاکرات کیلئے تیار ہیں لیکن آئین و قانون سے ہٹ کر کوئی بات نہیں ہو گی، وکلاء کی تحریک میں پوری قوم ان کے ساتھ ہو گی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں عدلیہ پر حملہ، خریدنے کی کوشش کرنا ن لیگ کا شیوہ ہے، عمران اسماعیل
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا ن لیگ نے جیسے 1997 میں نوازشریف کےخلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کرنے والے جسٹس سجاد علی شاہ پر حملے کیلئے سپریم کورٹ پر دھاوا بولا ویسے ہی ایک مرتبہ پھر یہ سپریم کورٹ اور چیف جسٹس کو دھمکا رہی ہے کیونکہ انتخابات سے خوفزدہ ہے۔
عمران خان نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ ضرورت پڑنے پر پوری قوم آئین، جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کے دفاع کیلئے سڑکوں پر نکلنے کیلئے تیار رہے۔
یہ بھی پڑھیں: جج دھمکی کیس:عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری پھر قابل ضمانت میں تبدیل
انہوں نے کہا ہم ان تمام سیاسی جماعتوں سے بات کریں گے جو اس سازش کیخلاف کھڑی ہونے کو تیار ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ میری اپنی وکلا برادری سے خصوصی اپیل ہے کہ آئین پاکستان اور قانون کی حکمرانی کے تحفظ کیلئے اسی طرح آگے بڑھ کر کردار ادا کریں جیسا انہوں نے 2007 کی وکلاء تحریک کے دوران کیا۔