نواز شریف نے سپریم کورٹ کے فیصلے کیخلاف منظور ہونیوالی قرارداد کی حمایت کر دی

Published On 07 April,2023 02:55 am

لندن : ( دنیا نیوز ) پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ کے فیصلے کے خلاف قومی اسمبلی سے منظور ہونے والی قرارداد کی حمایت کر دی۔

گزشتہ روز پنجاب میں عام انتخابات کے التوا سے متعلق کیس کے فیصلے پر سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ کیخلاف قومی اسمبلی میں قرارداد منظور کی گئی۔

بلوچستان کے رکن قومی اسمبلی خالد مگسی نے سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ کا فیصلہ مسترد کرنے کی قرارداد ایوان میں پیش کی جس میں 3 رکنی بینچ کے بجائے فل کورٹ میں کیس کی سماعت کا مطالبہ کیا گیا۔

قرار داد میں کہا گیا کہ ایوان 3 رکنی بینچ کا اقلیتی فیصلہ مسترد کرتا ہے، ایوان دستور کے آرٹیکل 63 اے کی غلط تشریح اور اسے عدالت عظمیٰ کے فیصلے کے ذریعے ازسر نو تحریر کیے جانے پر شدید تشویش کا اظہار کرتا ہے۔

لندن میں نواز شریف نے اپنے دفتر سے رہائش گاہ کی طرف روانگی سے قبل کارکنوں سے گفتگو کی اس دوران سابق وزیر اعظم سے تین رکنی بینچ کے فیصلے کے خلاف قرارداد کی منظوری کے حوالے سے سوال کیا گیا۔

سوال کے جواب میں سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ میں اس قرارداد کے حق میں ہوں، پارلیمنٹ نے بالکل ٹھیک قرارداد پاس کی ہے، پارلیمنٹ کو بتانا چائیے کہ وہ ایک بالادست ادارہ ہے۔