وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس، سیاسی اور آئینی بحران پر غور

Published On 09 April,2023 08:34 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اہم ترین اجلاس شروع ہوگیا، جس میں سخت فیصلوں کا امکان ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف لاہور سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں، بیشتر کابینہ اراکین ویڈیو لنک پر اجلاس میں شریک ہیں، وفاقی وزیر ریاض پیرزادہ، ساجد طوری، وزیراعظم کے مشیر امیر مقام، وزیر ہاؤسنگ مولانا عبدالواسع، وزیرمملکت ہاشم نوتیزئی وزیراعظم ہاؤس میں موجود ہیں۔

 ذرائع کے مطابق وفاقی وزراء ایازصادق، خواجہ سعد رفیق سمیت کابینہ کے چند اراکین ماڈل ٹاؤن لاہور سے شریک ہیں، وفاقی کابینہ اجلاس میں حکومتی قانونی ٹیم بھی شریک ہے۔

اجلاس میں سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل صدرمملکت کی جانب سے واپس بھجوانے کی مذمت کی گئی۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ صدر کا کردار پی ٹی آئی کے ایک کارکن جیسا ہوچکا ہے، پارلیمنٹ سے منظور شدہ بل کو واپس بھجوانا بدقسمتی ہے، صدر کو آئین و قانون کی پاسداری کرنا چاہئے۔